قائد آباد (جیوڈیسک) آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والے فوجی جوان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والے قائد آباد سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ حوالدار غلام محمد کی میت ان کے آبائی گاﺅں گنجیال پہنچی تو علاقہ بھر کے لوگ شہید کے آخری دیدار اور نماز جنازہ میں شرکت کے لئے پہنچنا شروع ہو گئے۔
شہید حوالدار غلام محمد کو نماز جنازہ کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ شہید کو سلامی پیش کرتے ہوئے اس کے اعزاز میں اعزازیہ فائر کئے گئے جس سے حاضرین کے دل شہادت کے جذبہ سے سرشار ہو گئے۔
اس موقع پر میجر وقاص نے شہید کی قبر پر صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جے سی ایس سی کے طرف سے قبر پر پھول چڑھائے۔ شہید غلام محمد کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں ۔ اس کے بیٹے نے کہا کہ اسے اپنے باپ کی شہادت پر فخر ہے۔
اس موقع پر شہید کے والد دوست محمد نے کہا کہ اس کے ایک بیٹے نے ملک کی خاطر جان قربان کی اس کا دوسرا بیٹا بھی آرمی میں ہی ملک کی خدمت کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
جبکہ شہید غلام محمد کے بھائی نے کہا کہ میں بھی اپنے بھائی کی طرح ملک کے لئے جان قربان کروں گا۔