بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے، کراچی میں مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاکستان آرمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 141واں یوم ولادت کے سلسلے میں آج سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام پر وقار تقریبات ،سیمینار،کانفرنسز،مذاکروں اور مباحثے منعقد کئے جارہے ہیں۔صبح سویرے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا،نماز فجر کے بعد قوم کے درجات کی بلندی، ملک کی بقا و سلامتی اور امن و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔یوم قائد کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب کراچی میں مزار قائد پر ہوئی، جہاں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول میجر جنرل عبداللہ ڈوگر تھے، تقریب میں گارڈز کے فرائض پی ایم اے کاکول کےکیڈٹس کو سونپ دیے گئے۔بابائے قوم کی خدمات اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جارہے ہیں جب کہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔متعدد مقامات پر بابائے قوم کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹے جائیں گے ،جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں بانی پاکستان کی انتہائی نادر، نایاب اور تاریخی تصاویر اور ان کے زیر استعمال اشیا کی نمائش بھی منعقد کی گئی ہے۔