برمنگھم (ایس ایم عرفان طا ہر سے) بہتر معیار تعلیم سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو شکست دی جا سکتی ہے ، پاکستان سمیت دنیا بھر کو دہشتگردی انتہا پسندی بد امنی اور شر انگیزی سے پاک بنا نے کے لیے آپریشن ضرب قلم کا جلد از جلد آغاز کرنا ہو گا ، منفی قوتیں یہ بات ذہن نشین رکھ لیں کہ قلم تلوار اور کسی بھی طاقتور ہتھیار سے زیادہ موئثر اور مضبوط ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہا ر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے سانحہ پشاور کے شہداء کی سالانہ برسی کے موقع پرانکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ اہم تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین یوسفزئی سپیشل ایڈوائزر گلوبل ایجوکیشن اقوام متحدہ و ایجو کیشن آتا شی قونصلیٹ جنرل آف پاکستان برمنگھم ، محمد نواز خان والد حارس نواز شہیدو غازی احمد نواز ،غا زی ابراہیم خان، غا زی احمد نواز ،قو نصل جنرل آف پاکستان برمنگھم سید احمد معروف ، سید لخت حسنین چیئرمین مسلم ہینڈز برطانیہ ، راجہ محمد اشتیا ق ، سمیرا فرخ ، حدیبہ شاہ ، قمر خلیل ، کونسلر شفیق شاہ ، عنصر علی خان ، نا صر خان ودیگر نے خصوصی شرکت کی ۔
ملا لہ یوسفزئی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء پاکستانی قوم کا فخر ہیں جنہو ں نے تعلیم اور امن کے لیے قربانی دیکر پوری قوم کو ایثار اور اتفاق و اتحاد کا پیغام دیا ہے ۔ غازی احمد نواز نے کہاکہ جو دوبارہ زندگی اللہ رب العزت نے عطا فرمائی ہے تو اس میں ہما ری خواہش ہے کہ ملک و قوم کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارا دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہو ں نے کہاکہ سانحہ پشاور نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قوتوں سمیت پو ری قوم کو ایک پیج پر اکٹھا کردیا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ہمیں چا ہیے کہ اس دن کو ایفا ئے عہد کے طو ر پر بھی منائیں اور یہ عزم کریں کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خا تمے تک اپنی جد وجہد ہمیشہ جا ری رکھیں گے ۔ انہو ں نے کہاکہ اے پی ایس کے شہدا ء کا خو ن رائیگا ں نہیں جا ئے گا جو لو گ دوسروں کی زند گی کا سکون چھیننے میں مصروف تھے وہ آج اپنے سکون سے بھی ہا تھ دھو بیٹھے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ تعلیم ہی وہ دولت ہے جس سے دہشتگردی و انتہا پسندی کے آسیب کو قابو میں کیا جا سکتا ہے ۔ غازی ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر کی تکلیف اور درد اتنا شدید تھا کہ اسکا اثر آج بھی میرے جسم میں محسوس ہوتا ہے ۔
انہو ںنے کہاکہ جو بچے اس سانحہ میں شہید ہو ئے انکی زندگیا ںاس ملک و قوم کی خا طر قربان ہوئی ہیں جن کو کبھی بھی بھلایا نہیں جا سکتا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ کچھ بچے ایسے بھی ہیں جن کا علاج معالجہ پاکستان میں ممکن نہیں ہے لہذا انکے بھی بہتر علا ج معالجہ کا بندوبست جلد از جلد ہو نا چا ہیے ۔ ضیاء الدین یوسفزئی نے کہاکہ مذہبی جنونی غیر مسلموں سے زیادہ خطرناک اور نقصان کا باعث ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ کسی بھی پڑھے لکھے اور مہذب معاشرہ میں دہشتگردوں و انتہا پسندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ہمیں علم کی روشنی کے زریعہ سے ہی جہا لت کے اس اندھیرے کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔ تقریب سے قونصل جنرل آف پاکستان سید احمد معروف ، پیر سید لخت حسنین چیئرمین مسلم ہینڈز برطانیہ اور دیگر نے خصوصی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سانحہ پشاور آرمی پبلک سکول میں شہید ہو نے والے بچوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔