لاہور: سروسز اسپتال میں عملےاور گارڈز کے تشدد سے مریضہ کا بھائی جاں بحق جب کہ لواحقین کے تشدد سے زخمی ہونے والے سکیورٹی گارڈ کی حالت بھی نازک ہے۔
سروسزاسپتال لاہور کے گائنی وارڈ میں مریضہ کرن کے لواحقین اور طبی عملے میں معمولی تلخ کلامی پہلے لڑائی جھگڑے اور پھر تصادم میں بدل گئی، ینگ ڈاکٹروں اور سکیورٹی گارڈز کے تشدد سے مریضہ کا بھائی سنیل شدید زخمی ہوگیا۔ سنیل کو سروسز اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ لواحقین کے تشدد سے ایک سکیورٹی گارڈ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
واقعے کے بعد سروسز اسپتال کے سکیورٹی گارڈز اور طبی عملے نے کام چھوڑ دیا جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو پریشانی کا سامنا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور سنیل کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کیا۔ سنیل کے ورثا کی درخواست پر ینگ ڈاکٹرز اور اسپتال کے دیگرعملے کیخلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔