آسٹریلیا میں تقریباً 320 لوگوں نے سڈنی کے ساحل پر سانتا کلاز کے لباس میں موج رانی کے لیے جمع ہوکر ایک ساتھ سرفنگ سیکھنے کا ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ۔ اس کو گنیز بک کا حصہ بنا لیا گیا ہے ۔
سڈنی (نیٹ نیوز ) اس سرفنگ میں خاص بات یہ رہی کہ سبھی سانتا کے لباس میں تھے جو کرسمس میلے کی روح کی عکاس ہے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ریکارڈ رکھنے والے ادارے گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سڈنی کی بونڈی بیچ پر گزشتہ روز موج رانی کرنے والوں نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کوشش کا ایک مقصد ذہنی امراض کے بارے میں بیداری مہم چلانا ہے ۔ ایک مقامی ریٹیلر گروپ سرف سکول سرف چیریٹی نے اس کی ابتدا کی تھی ۔ موج رانی سیکھنے اور سکھانے کی غرض سے تین سکول ایک ساتھ آئے اور لوگوں کو اتنی بڑی تعداد میں جمع کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا۔ساوتھ ویلز یونیورسٹی نے اپنی ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ ون ویو سرفنگ پروگرام کس سخت طرح کے ذہنی امراض میں مبتلا افراد پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ سرفنگ میں میں شریک ہونے والے لوگوں کا کہنا تھا وہ اس تجربے سے خوب لطف اندوز ہوئے ۔ ایک شخص کا کہنا تھا یہ بہت اچھا تھا ، بہت سارے لوگ تھے ، خوب مزا آیا ۔