کوئٹہ میں خفیہ اطلاع پر کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مکان پر چھاپہ مار کر اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران تین خودکش جیکٹس کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی برات میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن سے کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔ کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام کے مطابق مکان کالعدم دہشت گرد تنظیم کی بم بنانے والی فیکٹری کے طور پر کام کر رہا تھا، جہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد، تیار دیسی ساختہ بم اور خودکش جیکٹیں برآمد کی گئیں۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق تین کمروں پر مشتمل مکان میں بم بنانے والی فیکٹری بنائی گئی تھی، یہ مکان چند روز قبل کوئٹہ کے علاقے کلی الماس میں آپریشن کے دوران مارے گئے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے صوبائی جنگجو امیر سلمان بادینی کے زیر استعمال تھا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیم متعلقہ فیکٹری میں خودکش جیکٹیں اور بم بنا کر شہر میں ہزارہ برادری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف حملوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں استعمال کرتے تھے۔