شہید کی نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن، وفاقی وزیر برائے سرحدی امور جنرل ریٹائرڈ قادر بلوچ، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، ہزارہ برادری کے متعبرین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کوئٹہ: (یس اُردو) طورخم بارڈر پر دوران ڈیوٹی افغان فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے میجر علی جواد چنگیزی کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ میجر علی جواد چنگیزی کے جسد خاکی کو پشاور سے کوئٹہ خالد ایئر بیس پر لایا گیا، جہاں سے میت کو امام بارگاہ پہنچایا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن، وفاقی وزیر برائے سرحدی امور جنرل ریٹائرڈ قادر بلوچ، صوبائی وزراء سمیت اراکین اسمبلی، ہزارہ برادری کے متعبرین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کو سلامی پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر برائے سرحدی امور ریٹائرڈ جنرل عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ میجر علی جواد چنگیزی کی شہادت پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ اس دھرتی کو اللہ تعالی ٰ نے اسے سپوتوں سے نوازا ہے جو اپنے ملک کے لیے قربانیاں دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔