تربت : تربت میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد گرفتار کر لیے، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دوسری طرف گزشتہ روز دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ تھانہ پشتون آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف سی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر تربت کے علاقے نصیرآباد میں ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ کاروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے گرفتار افراد سیکورٹی فورسز اور قومی تنصیبات کو نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔
دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کی جاری ہے ادھر گزشتہ روز ڈیوٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ متعلقہ تھانہ پشتون آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر ایس ایچ او طیب الرحمن کی مدعیت میں درج کی گئی۔ مقدمے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب واقعے کے بعد سے ایف سی ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جس میں اب تک 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔