کوئٹہ میں رات بھر بارش ہوئی اور صبح بادلوں سے برف کے گولے گرنے لگے،چمن ، چاغی ،کوہ خواجہ عمران اور توبہ اچکزئی میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور فاٹا میں موسلادھار بارش اور برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں آج اور اتوار کو لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا اور شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ رات بارش کے بعد صبح برف باری کا سلسلہ شروع ہوا، وادی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں گزشتہ رات بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا،جبکہ آج بھی مطلع ابر آلود ہے ، آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور صبح ہلکی بوندا باندی کے بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ وادی میں بارشوں اور برف باری سے موسم پھر سرد ہوگیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ میں مزید بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ادھرشمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا، چمن شہر اور گرد ونواح میں ہلکی برفباری ہونے لگی۔کوژک ٹاپ، وادی زیارت، کان مہترزئی کے علاوہ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، گلستان، قلعہ عبداللہ، شیلاباغ میں بھی برفباری ہوئی۔ کوژک ٹاپ پر شدید برفباری سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی، کوژک ٹاپ سے بھاری مشینری کی مدد سےبرف ہٹائی جارہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں پشاور، چترال، بنوں اور شب قدر میں برسات اور برف باری ہوئی ہے، پشاور میں رات گئے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ چترال کے میدانی علاقوں میں بارش،بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، چترال کی تحصیل مستوج اور گرم چشمہ کے راستے برف باری کی وجہ سے بند ہے۔