کوئٹہ مستونگ روڈ پر سکیورٹی فورسسز اور دہشت گردوں کے فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
کوئٹہ: (یس اُردو) مستونگ روڈ پر آدم خان باغ کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہکار زخمی ہوئے۔ اسی دوران پولیس نے اے ٹی ایف اور حساس اداروں کی مدد طلب کی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پونے گھنٹے تک جاری رہا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم تنظیم جیش السلام کے کوئٹہ کے امیر ڈاکٹر عمر سمیت چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، ایک کلاشنکوف، دو ہینڈ گرنیڈ اور مختلف راؤنڈز برآمد کئے گئے۔ بعد ازاں پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیں۔