دھماکہ صبح جہازوں کی صفائی کے دوران پیش آیا ، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا
کوئٹہ: گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکے کے نتیجے میں دس مزدور جاں بحق جبکہ درجنوں مزدور زخمی ، دھماکہ صبح جہازوں کی صفائی کے دوران پیش آیا جس کے بعد آگ لگ گئی ، دس مزدور آگ کی لپیٹ میں آ کر جاں بحق ہوگئے جبکہ درجنوں مزدور زخمی حات میں ہسپتال منتقل کر دیئے گئے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور موقع سے ضروری شواہد اکٹھے کر لئے ۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں جہاز کو توڑا جا رہا تھا کہ اسی دوران اس میں گیس بھر جانے سے آگ لگ گئی ۔ گیس کی وجہ سے جہاز میں وقفے وقفے سے دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ، ذرائع نے بتایا ہے کہ جہاز کی اپنی کوئی ریسکیو ٹیم موجود نہیں جس کی وجہ سے جہاز میں موجود عملے اور مزدوروں کو فوری طور پر باہر نہیں نکالا جا سکا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے زخمیوں کو اپنی ایمبولینسز میں ہسپتال منتقل کیا ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل کا استعمال کیا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔