برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) قرآن پاک میں اللہ رب العزت نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تو قیر و تعظیم اور تعریف بیان فرمائی ہے ، قرآن پاک میں ایسی آیات موجود ہیں جن میں جشن نزول قرآن سے قبل ادائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ،عبادات اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں دکھاوا نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ عمل نیک نیتی اور اخلاص سے سرانجام دینے کی ضرورت ہیں۔
اسلام کی آفا قی تعلیمات اور حقیقی روح کو بیدار کرنے کے لیے سیرت و کردار مصطفیصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی زندگیوں میں اپنانا ہو گا ۔ ان خیالات کااظہار سیاسی سماجی و مذہبی شخصیات نے چیئرمین قائداعظم ٹرسٹ برطانیہ راجہ محمد اشتیاق کی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین حضرت سلطان باہو ٹرسٹ برطانیہ پیر سلطان نیاز الحسن قادری سروری ،خطیب پاکستان علامہ محمد عابد حسین چشتی ، قاری الشیخ محمد امر الاعمانی ،سید محمد علی، ساجد یونس ، محمد عرفان بٹ ، رب نواز چغتائی ، راجہ لیاقت حسین ، محمد خادم ، محمد امین مغل ، چو ہدری رضا ، محمد ساجد یونس ، قاری محمد ریاست ، ممتاز اعوان ، محمد آفتاب سیفی ،میاں عمر بنیامین، عابد خان، ڈاکٹر پیرذادہ عبد الوحید ، چوہدری محمد اشتیاق ، محمد ضمیر کیانی اور دیگر ثناء خوان مصطفیصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کو پڑھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے اللہ رب العزت حقیقی اور کامیاب زندگی گزارنے کے بارے شعور و آگہی اسی نسخہ کیمیا سے عطا فرماتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میلاد محض ایک دن یا کسی ایک رات سے منصوب نہیں بلکہ یہ ہماری پوری زندگیوں پر محیط ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس دن کی نسبت سے ہمیں جو اللہ رب العزت کی رحمت اور برکت نصیب ہوئی ہے اس کی شکر گزاری کا یہ تقاضا ہے کہ تعظیم و تکریم مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ انکی سیرت و کردار کی پیروی پر خود کو تاعمر کاربند رکھا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں دیگر انبیاء کے برعکس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جداگانہ اور منفرد انداز میں مخاطب کیا ہے۔ اللہ رب العزت نے کملی والے کے چہرے زلف لحاف اوڑھنے اور دیگر ادائوں کا تذکرہ بڑے ہی خوبصورت انداز میں کیا ہے۔ محفل پاک کے اختتام پر دعائے خیر کے بعد شرکاء محفل میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔