تحریر: شاہ بانو میر
قدیم زمانے میں علم کے حصول کیلیۓ طلباء صحرا و بیابانوں کی خاک چھانتے ہوئے پڑہتی تھی٬ وہ متلاشی تھے اور کوسوں دور رہتے ہوئےاُن استاذہ کرام کا سُن کر اُن سے مل کرعلم حاصل کرنا چاہتے تھے٬ محدود زادِ راہ کے ساتھ طویل سفر طے کرتے جس میں واپسی کی امید نہیں ہوتی تھی ٬ راستے کی صعوبتوں کو عبور کرتے مردانہ وار مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے بِلاخر یہ اُس استاد کو کھوج لیتے اور سال ہا سال وہاں عسرت و تنگدستی کی زندگی گزارتے محض علم کے اصل حصول کیلیۓ ٬ یہ مشکلات ان کو موت کے بعد بھی آج تک زندہ رکھے ہوئے ہیں٬۔
اور اُن کے دور میں جو جھوٹی بنیادوں پے ان سے آگے نکل گئے ان کا آج ان کی موت کے بعد نام و نشان بھی باقی نہیں ہے٬ اس لئے یہی سوچ بار بار آتی تھی کہ ان مستند استادوں کی طرح اصل سے رہنمائی لے کر آج کے موجودہ جھوٹے باطل نظام کو ترک کر کے ذات پے محنت کرتے ہوئے خود کو اس قابل ضرور بنانا ہے کہ اور کچھ نہیں تو کم سے کم اپنی ذات کو اچھا بنا لیں٬ اور دوسروں کو اگر ہم فائدہ نہیں پہنچا سکتے تو کم سےکم کسی کو نقصان بھی نہ پہنچائیں ٬ اسی سوچ پر جب سوچنا شروع کیا تو واحد ہم سب کی اِصلاح کا راستہ ملا وہ تھا قرآن مجید جو ہم سب کی آج اولین ضرورت ہے٬ ایک مختصر سی ٹیم فرانس میں بنی جس نے دن رات کام کیا اور آپ سب کیلئے انٹر نیٹ پر قرآن پیغامِ ہدایت کے نام سے آسان اردو ترجمہ ٹائپ کر کے محفوظ کر دیا تا کہ آپ اگر متلاشی ہیں تو کبھی نہ کبھی ہدایت کی اس کتاب تک آپ کی رسائی ضرور ہوگی٬۔
اس کے بعد سوچا گیا کہ ہماری بچیاں جو فرنچ زبان میں قرآن پاک پڑہتی ہیں ان کیلئے کوئی اہتمام ہو کہ یہ اپنے اصل سے جُڑ سکیں لہٰذا نور القرآن کی طرف سے باقاعدہ اجازت ملی تو اب قرآن پاک کے ترجمے اور تفسیر کی کلاس کا آغاز کیا جا رہا ہے ٬ جس میں وقت کی پابندی ایک اہم امر ہے کیونکہ ٹھیک 11 بجے کلاس کا آغاز کر دیا جاتا ہے٬ ابتدائی دو شارٹ کورسسز تھے کہ قرآن پاک کی اہمیت اور ہماری سنجیدگی اس کورس میں کیسی ہونی چاہیے٬۔
الحمدللہ وہ مکمل ہو چکے گزشتہ دو ہفتوں میں٬ اب انشاءاللہ 24 جنوری بروز ہفتہ باقاعدہ قرآن پاک کی سورة الفاتحہ کی تفسیر انشاءاللہ ہم سب مل کر سنیں گے٬ براہ کرم اپنے ہمراہ نوٹس بنانے کیلئے کاپی پنسل ضرور لے کر آئیں ٬ آپ کو نئی زندگی نئی رونق نئی تروتازگی نصیب ہوگی ٬ ذہنی پراگندگی اور فضولیات لغویات سے نجات ملے گی٬۔
لیکن شیطان آپ پر ضرور کاری وار کرے گا بہکائے گا اس کلاس سے دور رکھنے کیلیۓ وہم افواہیں دل میں ڈالے گا ٬ اس کا ذاتی تجربہ مجھے دو بار ہو چکا ٬ لیکن استقامت کی دعا کے ساتھ شیطان کو شکست دی اور مضبوطی سے قرآن پاک سے مخالف حالات کے باوجود بھی جُڑی رہی اور اللہ نے سرُخرو کیا ٬ استقامت کے ساتھ ہر پیش آنے والی مشکل پر قابو پانا ہی ایک مومنہ کی نشانی ہے ٬ گھبرانا نہیں ہے ٬ بس اللہ پے کامل یقین اور کلاس میں ہدایت کیلیۓ آمد اس ابلیس کی ناکامی ہوگی٬ تو آئیے ذہن اور دل کو دنیا کی کثافتوں سے مکمل طور پےخالی کرتے ہوئے پہلے تو دو نفل ادا کیجیۓ اور استخارہ کیجیۓ کہ اس کلاس میں شمولیت آپ کے لئے فائدہ مند ہوگی یا نہیں٬ اس کے بعد آپ شمولیت اختیار کرتے ہوئےاللہ کا بار بار شکر ادا کیجیۓ کیونکہ اللہ پاک اپنی نعمتیں برکتیں رحمتیں بغیر مانگے دیتا ہے٬۔
لیکن ہدایت اور اپنی محبت صرف مانگنے پر عطا کرتا ہے٬ اور قرآن پاک میں ارشاد ہے جس کا مفہوم کچھ ایسا ہے کہ میرے لئے مشکل نہ تھا کہ سب کو ایک امت بنا دیتا جو مجھے مانتے لیکن ہدایت صرف اللہ کے پسندیدہ بندوں کو ملتی ہے ٬ باقی کو تو جہنم کا ایندھن بنانے کیلئے پیدا کیا گیا٬ سوچئے کن میں شمار چاہتے ہیں آئیے اللہ کے پسندیدہ بندوں میں شمار ہوں قرآن پیغامِ ہدایت کے سلسلے میں پہلی کلاس کا آغاز 24 جنوری کو بروز ہفتہ کیا جا رہا ہے ٬ خواتین اور بچیوں سے التماس ہے کہ آئیے اور نئی زندگی شعور کے ساتھ شروع کریں٬۔
یہ کلاس صرف تفسیر ترجمہ نہیں اس کے اندر آپکو ٹوٹے ہوئے رشتوں سے نئی مضبوطی ملے گی٬ گھریلو کمزور تعلق مضبوط ہوں گے٬ شعور قومیت جاگے گا ٬ شعور امت بحال ہوگا٬ غیرت کو یکجا کر کے بطورِ امت پھر سے ہم نے کیسے خود کو کامیاب کرنا ہے٬ اس کا ادراک ہوگا٬ اور یہ سب ہوگا پہلے سبق سے یعنی احتساب اپنی ذات سے شروع ہوگا٬ اور یہ کام صرف قرآن پاک سے ممکن ہے خود ٹھیک تو قوم ٹھیک ملت ٹھیک اّمت ٹھیک آئیے اصلاح کا کامیابی کا باقاعدہ آغاز کریں قرآن پیغامِ ہدایت کلاس کے ساتھ جزاک اللہ خیر۔
تحریر: شاہ بانو میر