برمنگھم ( ایس ایم عرفان طاہر سے ) تمام مسائل مصائب اور مشکلات کا حل اللہ کے ذکر میں موجود ہے جو لوگ اللہ کے دین پر استقا مت اختیار کرتے ہیںتو وہ دنیا اور آخرت میں ہمیشہ سرخرو ہو نے والے ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں مسلمانوں کی پریشانیوں اور ناکامیوں کے بارے تدبر و تفکر کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہا ر معروف مذہبی سکالر امام شاھد تمیز نے جامع ضیاء الامہ بوزلے گرین میں مذہبی اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر پیر مظہر حسین قا دری سجادہ نشین آستانہ عالیہ منگہانی شریف ، محمد سخی ، محمد اختر ، قمر خلیل سیکرٹری جنرل یو کے پی این پی برمنگھم ، مرزا ارشد ، بیرسٹر طفیل حسین ، چو ہدری عرفان علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ امام شاھد تمیز نے کہاکہ پا نچ وقت نماز قائم کرنے والا انسان کبھی بھی وسوسے اور شیطانی حملوں کا شکار نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہما رے ہاں اکثر افراد کو جا دو ٹو نے اور شیطانی طاقتوں کے وار کی شکایات رہتی ہیں با وضو رہنے والا انسان ایسی مشکلا ت اور مسائل سے بر ی الذمہ ہو جاتا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ اولیاء اللہ نے ہمیں رہبر و رہنما ہو تے ہو ئے یہی پیغام دیا ہے کہ زندگی کا ہر لمحہ آخری لمحہ سمجھتے ہو ئے نیکی کی طرف راغب ہوں اور برائی سے خو د کو بچا ئے رکھیں۔
انہوں نے کہاکہ رمضان کی پو ر نور ساعتیں اللہ رب العزت نے ہمیں عطا کی ہیں جن کا ہم سے یہ تقاضا ہے کہ ہم اپنے تمام غیر ضروری اور دنیاوی معاملا ت کو پس پشت ڈال کر اللہ رب العزت کی خو شنودی اور رضا حاصل کرنے کے لیے اپنی عبادات میں خشوع و خضوع پیدا کریں ۔ انہو ں نے کہاکہ دنیا کی مال و دولت اور اسا ئش و زیبائش کے باوجود بھی اطمینان قلب کا حصول اسی ایک نسخہ کیمیا ء میں ہے کہ اپنے دلوں کو اللہ کی یا د اور اسکے حبیب پر درود و سلام سے مزین رکھا جا ئے۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام کا پیغام دنیا کے ہر کونے کو نے پر پہنچا نے کے لیے ہمیں چا ہیے کہ اپنے بچوں اور بچیوں کا دینی تعلیم اور قرآن و حدیث کے ساتھ رشتہ استوار رکھیں ۔ انہو ں نے کہاکہ رمضان المبارک کا با برکت مہینہ انسان کی نیکیوں کی قیمت بڑھا دیتا ہے ایک نیکی کا ثواب 70 ہزار نیکیوں کے برابر ملتا ہے اس لیے اس ماہ مقدس میں ہمیں چا ہیے کہ صراط مستقیم کو اس مضبوطی اور پا ئیداری سے تھامیں کہ پورا سال اچھائی کی طرف چلنے میں تنگی اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہو ں نے کہا کہ قرآن و حدیث پر عمل پیرا ہو نے سے ہی ہما ری دنیا و آخرت کی مشکلیں آسان ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اللہ اور اسکے حبیب کی گستاخی کرنے والوں کو پر امن طریقہ سے ناکام بنا نے کے لیے ہمیں اپنی اولاد میں سے ایک ذہین بچہ اللہ کے دین کے لیے وقف کرنا ہو گا ۔ انہو ں نے کہاکہ جب ہر مسلمان گھرانے میں ایک قرآن کا حافظ اور رسول اللہ ۖ کا سچا عاشق موجود ہو گا تو پھر ٹیری جونز اور چارلی ہیبدو جیسے نا فرمان قرآن کو جلا نے یا کارٹون بنا نے کی گستاخی نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آج مسلم امہ کی پستی و تنزلی اپنے حقیقی علوم اور عمل سے دوری اور بے زاری کے سبب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اللہ رب العزت کے حضور کامیاب و کامران ہو نے کے لیے زیادہ سے زیادہ نیکی اور اچھے کاموں کی طرف راغب ہو ں اس حوالہ سے لیلتہ القدر بخشش و مغفرت کے لیے سب سے بڑا نعام ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ اس طاق رات کو زیادہ سے زیادہ عبا دت و ریاضت اور نوافل کا اہتمام کرنا چا ہیے تاکہ رمضا ن کے بابرکت اور رحمتوں بھرے مہینے کا حق ادا ہو جا ئے۔