ہانگ کانگ میں ایک ایسا کیفے روز بروز مقبول ہوتا جارہا ہے جہاں آپ خرگوشوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاسکتے ہیں۔
اس ہوٹل میں واقع کیفے کو ریبٹ لینڈ کا نام دیا گیا ہے جو ہانگ کانگ میں ہے۔ صرف 2 ماہ کے دوران یہ ریسٹورنٹ بہت مقبول ہوا ہے۔ یہاں 150 افراد کھانا کھاسکتے ہیں یا چائے پی سکتے ہیں۔ روزانہ 7 ہزار سے زائد افراد یہاں آتے ہیں اور اس کے علاوہ شہر میں بلیوں کے کیفے بھی قائم کیے گئے ہیں۔
ریسٹورنٹ میں 2 درجن سے زائد خوبصورت خرگوش رکھے گئے ہیں جو مختلف اقسام سے تعلق رکھتے ہیں۔ چائے، کافی اور بسکٹ سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ آپ یہاں سے خرگوش بھی خرید سکتے ہیں۔ اس ریسٹورنٹ کی مقبولیت کی اہم وجہ یہ ہےکہ ہانگ کانگ کے لوگ خرگوشوں سے محبت رکھتے ہوئے انہیں اپنے گھروں میں بھی پالتے ہیں۔ اسی لیے یہ ہوٹل عام افراد کے لیے کسی انوکھی شے کا درجہ نہیں رکھتا۔
بڑوں کے ساتھ آنے والے بچے بھی ان بے زبان اور خوبصورت جانوروں کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ ریسٹورنٹ میں آپ اپنا خرگوش بھی رکھواسکتے ہیں اور ہوٹل انتظامیہ اس کا بھرپور خیال رکھتی ہے۔
ڈاکٹروں نے ہوٹلوں میں خرگوش کے ساتھ بیٹھ کر کھانے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ جانوروں کے ماہرین کا بھی خیال ہے کہ بار بار خرگوشوں کی جگہ بدلنے سے ان پر دباؤ بڑھتا ہے اور جانور شدید متاثر ہوسکتا ہے۔
ہوٹل کے مالک کا کہنا ہے کہ خرگوشوں کے کان کھینچنے اور انہیں ہاتھوں میں لینے کی سختی سی ممانعت ہے، وہ ہر دو گھنٹے بعد خرگوشوں کی جگہ بدلتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہوٹل کے تمام عملے کے لیے بھی خرگوشوں سے اچھے برتاؤ کی سخت ہدایات دی جاتی ہیں۔