انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کا ضمنی چالان منظور کر لیا۔ جسکے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے آگ لگائی۔ معاملہ دبانے کیلئے حماد صدیقی اور رؤف صدیقی نے فیکٹری مالکان سے چار کروڑ وصول کئے۔
کراچی: عدالت نے ملزم کا ضمنی چالان منظور کر لیا۔ چالان کے مطابق رحمان بھولا نے حماد صدیقی کے حکم پر بلدیہ فیکٹری کو آگ لگانے کا اعتراف کیا۔ چالان کے مطابق معاملہ رفع دفع کرنے کیلئے رؤف صدیقی اور حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان سے چار کروڑ روپے بھی وصول کئے۔ ملزم عدالت سے باہر نکلا تو میڈیا کے سامنے بھولا بن گیا۔ کہنے لگا مجھے پھنسایا جا رہا ہے۔ بیٹے کا کلپ دکھا کر دھمکایا بھی گیا میں نے کوئی بیان نہیں دیا نا ہی آگ لگائی۔ عدالت نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ تفتیشی افسر راجہ جہانگیر نے بتایا کہ حماد صدیقی کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط لکھ دیا۔ رینجرز پراسیکیوٹر بولے حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ پھر جاری کئے گئے ہیں۔ عدالت نے سماعت 14 فروری تک ملتوی کر کے رؤف صدیقی کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔