کوالا لمپور: ملائیشیا پولیس نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے گھر چھاپے کے دوران ملنے والی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی پولیس نے گزشتہ شب سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے گھر، دفتر اور ان کی دیگر املاک پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے غیر ملکی کرنسیوں سے بھرے ہوئے صندوق، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرلیں جنہیں سربمہر کرکے تحویل میں لے لیا گیا ہے جب کے سابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کا عمل بھی جاری ہے۔
سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر 7 سو ملین ڈالر کی رقم کی خُرد برد کا الزام ہے۔ کرپشن کے الزامات کے باعث وہ حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے الیکشن میں کامیابی کے بعد سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی تھی اور دوسری جانب انور ابرہیم کو رہا کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملائیشیاء کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ قیمتی اشیاء کے استعمال کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ وہ اپنے دور حکومت میں اصراف کے باعث تنقید کا سامنا کرتے آئے ہیں اور اپوزیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم کی جائیداد سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ گیا تھا۔