پنجاب اور بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں ہلکی بارش کے بعد دھند میں کمی ہوگئی ،وادی زیارت میں برفباری سے درجہ حرارت منفی 4 ڈگری تک گرگیا،صوبہ خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان ،لکی مروت ،، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
سرگودھا اور فیصل آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش نے کئی روز سے جاری دھند اور اسموگ کا زور توڑ دیا، وہاڑی، چیچہ وطنی، منڈی بہاالدین، بہاولپور، بھکر، خانیوال، حافظ آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے گرد آلود موسم کا خاتمہ ہوگیا۔ شمال مشرقی بلوچستان میں چمن،قلعہ عبداللہ ،گلستان، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی میں وقفے وقفے سے کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے،وادی زیارت کے نواحی علاقوں میں برفباری سے سڑکوں پر پھسلن ہوگئی ہے، ژوب شہر اور لورالائی کے نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ خیبرپختونخوا کےشہر ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان کےبھی مختلف علاقوں میں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں چھائی گرد آلود دھند میں کمی کے ساتھ سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔