اسلام آباد(یس اردو نیوز) قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بارش کبھی کبھی قدرتی آفت بن جاتی ہے جبکہ عمران خان قوم پر مسلط شدہ آفت ہے۔ کراچی میں بارش کے نقصان کا ازالہ تو گھنٹوں میں ہو چکا مگر عمران خان کی پھیلائی ہوئی تباہی کا ازالہ برسوں تک ناممکن ہے۔ وزیراطلاعات شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی سیاست ہی جھوٹ، منافقت اور دروغ گوئی پر مبنی ہے۔ اگر سندھ میں لاک ڈاﺅن غلط تھا تو پھر آج پنجاب بھر میں لاک ڈاﺅن کیوں ہے؟ بازار کیوں بند کر دئیے گئے ہیں؟ اس کا مطلب یہ ہے کہ کورونا وباءابھی ختم نہیں ہوئی۔ خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں کورونا ٹیسٹنگ کو غیر فعال کرکے قوم کو گمراہ کیا جارہا ہے کہ کورونا پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراطلاعات شبلی فراز کو اس بات پر شرم نہیں آتی کہ سات سال میں کے پی میں ایک بھی ہسپتال نہیں بنا۔ کے پی کے لوگ مفت علاج کے لئے سندھ جاتے ہیں جہاں شوکت خانم سے بھی زیادہ عمدہ ہسپتال ہیں جہاں دل، جگر اور گردوں کا علاج مفت ہو رہا ہے۔