اسلام آباد : ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے بعد گرمی کم ہونے سے بجلی کی طلب بھی کم ہو گئی ہے جس سے شارٹ فال میں نمایاں کمی ہوئی، شہروں میں پانچ اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سات گھنٹے ہوگیا۔
وزارت پانی و بجلی ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار تیرہ ہزار 144 میگا واٹ ہے جبکہ طلب کم ہو کر سولہ ہزار 645 میگا واٹ ہے جس کے بعد شارٹ فال تین ہزار پانچ سو میگا واٹ رہ گیا ہے ۔ بجلی کی طلب میں کمی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت کم ہونا ہے۔
شارٹ فال میں مزید کمی کا بھی امکان ہے۔ بجلی کی طلب کم ہونے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی کم کر دیا گیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ شہروں میں پانچ گھنٹہ تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سات گھنٹے ہے جبکہ لائن لاسز والے فیڈرز میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہے۔