صوبے کے برساتی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر قریبی آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے
کوئٹہ (یس اُردو) راولپنڈی ، اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے ، بلوچستان میں آج اکثر مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ متوقع بارشوں کے بعد بلوچستان کے برساتی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے باعث قریبی آبادیوں کو آئندہ دو روز کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ جمعرات سے ہفتہ کے دوران بارش کا امکان ہے ، آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان کے اکثر علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان جس کے باعث کیچ ، پنجگور ، آواران ، خضدار ، قلات ، بولان ، جھل مگسی ، سبی ، ہرنائی ، کوہلو ، لورالائی اور کوئٹہ اضلاع کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ قریبی آبادیوں میں مقیم افراد کو اس دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جمعہ ، ہفتہ کے دوران اسلام آباد ، خیبرپختونخواہ ، فاٹا ، پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔ آئندہ تین روز کے دوران گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں اور چنے کی کاشت کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔ متوقع بارش کے بعد پنجاب کے علاقوں میں دھند ختم ہو جائیگی ۔ مارچ کے مہینے میں ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ہے