سعودی حکام کے مطابق ریاض ، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جازان سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ، متاثرہ علاقوں میں سکول بند
ریاض (یس اُردو) سعودی عرب اور یمن میں ایک ہفتے سے جاری بارشوں اور طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد بیالیس ہو گئی ۔
دونوں ملکوں کے حکام کے مطابق یمن کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے چوبیس افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ سعودی عرب میں طوفانی بارشوں سے اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔سعودی حکام کے مطابق ریاض ، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جازان سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں سے اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے ۔ نو سو پندرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف البھا میں تین روز سے جاری بارشوں کی وجہ سے ستائیس افراد زخمی ہوگئے ۔ بارش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کو بند کرنا پڑا ۔صنعا سے شمال مغرب میں واقع صوبے حجہ میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چودہ ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ حجہ سے جنوب میں واقع صوبے آلمہویت میں ایک ڈیم ٹوٹ جانے سے سیلاب آگیا اور سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی ہے اور پل ٹوٹ گئے ہیں ۔ادھریمن کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے چوبیس افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔ بارش اور سیلاب سے درجنوں مکان بھی تباہ ہو گئے ۔