ملک کے مختلف شہروں سے پاکستان تحریک انصاف کے قافلےرائیونڈ مارچ میں شرکت کے لئےروانہ ہورہے ہیں ۔ قافلوں میں رہنما اور بڑی تعداد میں کارکن بھرپور تیاریوں کے ساتھ شریک ہیں ۔
تحریک انصاف کےکارکنوں کی رائے ونڈ مارچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ مارچ میں شرکت کے لئے کراچی سے ڈاکٹر عارف علوی اور حلیم عادل شیخ کی قیادت میں روانہ ہونے والا قافلہ نواب شاہ پہنچا۔جہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ تحریک انصاف نوازشریف سےڈٹ کرمقابلہ کرے گی۔ قافلہ خیرپورپہنچ چکا ہےجو دوپہر میں سکھر کے لئے روانہ ہوجائے گا۔
ادھرملتان میں پی ٹی آئی عہدیداروں نے زیادہ سے زیادہ افراد کو مارچ میں لے کر جانے کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں، اس سلسلے میں مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے رابطے کر لئے گئے ہیں ۔
میانوالی میں تحریک انصاف کا ورکرز کا کنونشن ہوا ، جس میں پی ٹی آئی رہنما گلوکار عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میری ہر چیز عمران خان کے لیے حاضرہے۔