پیرس ( نمائندہ خصوصی) پیرس کی معروف سماجی وکاروباری شخصیت ہمالیہ ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر اور مسلم لیگ ق کے سینئر راہنما راجہ مظہر ذمہ واریہ نے ستمبر 1965 کی یاد میں یوم دفاع کے موقع پر کہا کہ اللہ کا انعام ہے پاکستان ہے اور یہ طے شدہ بات ہے کہ اللہ کے انعام کو زوال نہیں آسکتا ۔ وطن عزیز پاکستان جب سے بنا بلکہ بننے سے بھی پہلے جب اس کو بنانے کےلیے منظم منصوبہ بندی کی جارہی تھی اور اس کے حصول کےلیے قربانیوں کی داستان شروع ہو رہی تھی اس وقت سے لے کر آج تک یہ پوری دنیائے کفر کی آنکھوں میں کانٹا بن کر چبھ رہا ہے ۔ عالم کفر پہلے یہ چاہتا تھا کہ برصغیر کے مسلمان پاکستان کو آزاد اسلامی ریاست کے طورپر حاصل نہ کر سکیں لیکن خدائی امر پورا ہوکر رہا اور دنیا کے نقشے پر پاکستان آزاد اسلامی فلاحی خود مختار مملکت بن کر ابھرا ۔اس کے بعد عالم کفر پھر سر جوڑ کر بیٹھا کہ اس کو باقی نہ رہنے دیا جائے چنانچہ ہر طرح سے اور ہر طرف سے سازشوں کے جال بچھائے گئے تاکہ پاکستان کا وجود ختم ہوجائے ۔ ان شیطانی تدبیروں پر خدائی تقدیر غالب رہی اور پاکستان کا وجود نعمت الہٰی کا مظہر بن کر آج تک زندہ و پائندہ ہے ۔