پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی کی سفارشات سامنے آ گئیں۔ کسی کو بھی شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی جبکہ کوچ اور ٹی ٹونٹی کپتان کا اعلان جلد کرے گا۔
لاہور: (یس اُردو) دو ہفتوں تک تحقیقات کرنے والی پی سی بی کی انکوائری کمیٹی کی سفارشات سامنے آ گئی ہیں۔ کوچ وقار یونس اور شاہد آفریدی نے تو استعفی دے دیا تھا۔ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو بھی تحلیل کر دیا۔ پی سی بی چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ نئی سلیکشن کمیٹی اور کپتان کا فیصلہ جلد کیا جائے گا جبکہ کوچ کا انتخاب وسیم اکرم اور رمیز راجہ کے ذمہ لگا دیا ہے۔ خراب فٹنس والے کھلاڑیوں پر جرمانے عائد ہونگے جبکہ دورہ انگلینڈ سے پہلے قومی کرکٹرز کا ایبٹ آباد میں پاک آرمی کے ساتھ ٹریینگ کیمپ لگایا جائے گا اور ذہنی طور پر مضبوط کرنے کے لئے ماہر نفسیات کی خدمات بھی لی جائے گی۔ لانگ ٹرم پالیسی کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے نظام سکول، یونیورسٹی اور کلب کرکٹ کو بہتر کیا جائے گا۔ پی سی بی نے ایک بار پھر بائیو مکینک لیب جلد فنکشنل کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ شہریار خان کہتے ہیں کہ کسی کو بھی قربانی کا بکرا نہیں بنایا جا رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انکوائری کمیٹی نے کسی کرکٹر یا بورڈ عہدیدار کو ذمہ دار ٹھہرایا اور نہ ہی میگا ایونٹ میں بدترین شکست کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی۔