کچے کے علاقے پنجاب پولیس کا کچا پکا آپریشن ایک بار پھر مطلوبہ نتائج نہ دے سکا ۔ ایلیٹ فورس کو پُرانا اسلحہ تھما دیا گیا اور لائف سیونگ جیکٹس کی بھی کمی۔
راجن پور: (یس اُردو) ایک ڈاکو کے مقابلے میں 20 اہلکار یعنی دو ہزار اہلکاروں کا سو ڈاکوؤں سے مقابلہ لیکن 18 دن گزر گئے آپریشن پھر بھی ناکام ۔ چھوٹو گینگ نے پنجاب پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ۔۔ ٹھنڈے کمروں میں بنایا گیا منصوبہ پھر ناکام ہو گیا۔ ایسے افسر جو کچے کے علاقے سے واقف ہی نہیں انہوں نے اے سی والے کمروں میں بیٹھ کر ایسا منصوبہ تشکیل دیا جس میں پنجاب پولیس کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ تیسرا ہفتہ ختم ہونے کو آ گیا 24 اہلکار مغوی بنا لیے گئے چھ فرض پراپنی جانیں نچھاور کر گئے لیکن بتیس کلومیٹر کے علاقے میں 7 اضلاع کے دو ہزار اہلکار سو ڈاکوؤں کو پکڑنے میں ناکام رہے۔ پنجاب پولیس کے منصوبہ ساز کون ہیں جن کے چھوٹو گینگ کے خلاف 6 آپریشن ناکام ہو چکے مگر پھر بھی انہوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور ساتویں بار بھی وہ ناکام ٹھہرے۔