ایلیٹ فورس کے مزید 3 سو اہلکار پتن کے علاقے میں پہنچ گئے ، چوبیس پولیس اہلکار ابھی تک ڈاکوئوں کے قبضے میں ہیں
راجن پور (یس اُردو) راجن پور کچہ جمال میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن اٹھارویں روز میں داخل ہو گیا ۔ ایلیٹ فورس کے مزید تین سو جوان تحت پتن کے مقام پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے کچے کا دو کلو میٹر علاقہ سیل کر دیا ۔ ڈاکوؤں نے چوبیس اہلکاروں کو اب بھی یرغمال بنا رکھا ہے ۔
دن گنے جا چکے ، اب چھوٹو کی خیر نہیں ، پولیس نے کچے کا دو کلو میٹر علاقہ سیل کر دیا تاکہ ڈاکو فرار نہ ہو سکیں ۔ ادھر ایلیٹ فورس کے مزید 300 جوان تھت پتن کے مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔ چوبیس اہلکار اب بھی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں ۔ پولیس کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ بند ہے تاکہ یرغمالی اہلکاروں کو ڈاکوؤں کی قید سے چھڑایا جا سکے ۔چھوٹو گینگ کی فائرنگ سے زخمی 4 پولیس اہلکاروں کو شیخ زید ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ پولیس کے مطابق ڈاکووٴں کے متعدد ٹھکانے تباہ جبکہ پانچ ڈاکو ہلاک اور ان کے 150سے زائد سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ اس سے قبل بھی چھوٹو گینگ کے خلاف 2 مرتبہ بڑے آپریشن کئے گئے لیکن دونوں مرتبہ چھوٹو گینگ بھاگ نکلا تھا ۔تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کرنے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ چھوٹو گینگ کے دن اب گنے جا چکے ہیں ۔ چھوٹو گینگ میں 80 سے 100 افراد ہیں جن کے پاس بھارتی ساختہ اینٹی ایئر کرافٹ گنیں بھی موجود ہیں ۔