ممبئی: بالی ووڈ اور تامل فلموں کے سپر اسٹار رجنی کانت کو نئی فلم میں گینگسٹر کا کردار ادا کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں ملی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رجنی کانت اپنی اگلی فلم پارجيتھ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی کہانی جرائم پیشہ گروہ کے درمیان لڑائیوں کے گرد گھومتی ہے لیکن رجنی کانت اس فلم میں کام کرنے کی وجہ سے ایک مشکل سے دوچار ہوگئے ہیں کیونکہ فلم نگری میں یہ بات پھیلی ہوئی ہے کہ پاریجیتھ کی کہانی درحقیقت ماضی میں ممبئی کے انڈر ورلڈ ڈان حاجی مستان کی حقیقی کہانی ہے۔
فلم کی کہانی کے حوالے سے پھیلی ہوئی خبروں کے بعد رجنی کانت کو حاجی مستان کے بیٹے کی طرف سے ایک خط ملا ہے جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر فلم میں حاجی مستان کا منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ یہ پہلی بار ہے کہ رجنی کانت جیسی ایک انتہائی مقبول فلمی شخصیت کو ایک فلم کی کہانی پر کسی کی جانب سے دھمکیاں ملی ہوں۔ رجنی کانت اس خط کا جواب دینے کے لیے اپنے قریبی ساتھیوں اور فلم کے پروڈیوسر سے مشاورت کررہے ہیں۔ انہیں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ وہ پاریجیتھ کی کہانی اور دھمکیوں سے متعلق میڈیا کے کسی سوال کا کوئی جواب نہ دیں۔