واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کی آمد پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس ماہ مقدس کا مقصد تشدد کا خاتمہ اور امن کی راہ اپنانا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے آمدِ رمضان کے موقعے پر جاری کیے گئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال یہ مہینہ ایسے وقت آیا ہے جب برطانیہ اور مصر میں وحشیانہ دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں بے گناہ افراد مارے جاچکے ہیں جنہیں یاد کرکے دنیا غمگین ہے جبکہ ایسی قابلِ مذمت کارروائیاں اور ’’سیاہ کار اعمال‘‘ رمضان کی اساس سے براہِ راست متصادم ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان کا بنیادی مقصد تشدد کو مسترد کرنا، امن کی راہ اپنانا، اور غربت و فساد کے شکار لوگوں کی تکالیف کم کرنے کے مشترکہ فرض کی ادائیگی بھی ہے۔
اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب میں جاری کردہ سرکاری بیان کو دوہراتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خصوصی پیغام برائے رمضان میں کہا کہ امریکا ہمیشہ ایسے نظریات کے خلاف، اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے جو دہشت گردی کو فروغ دینے کا موجب ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں دنیا بھر کے مسلمانوں کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئیے! اس ماہِ رمضان میں عہد کریں کہ ہم وہ سب کچھ کریں گے جس سے یہ یقینی بنایا جاسکے کہ آنے والی نسلیں دہشت گردی اور تشدد کے اس عفریت سے پاک ہوں گی؛ اور پُر امن ماحول میں (اپنے عقیدے کے مطابق) عبادات کرسکیں گی اور سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں گی۔