رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ پاکستان میں 2 بڑی اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنیاں سام سنگ اور نوکیا کی جانب سے ڈیوائسز کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
نوکیا فونز کی فروخت کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ڈی گلوبل نے ماہ رمضان کے موقع پر فونز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا۔ لگ بھگ تمام فونز کی قیمتوں میں ساڑھے 5 سو سے 14 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔ اب نوکیا 1 فون 10 ہزار 900 روپے کی بجائے 9 ہزار 250 روپے میں دستیاب ہوگا۔
اسی طرح نوکیا 2 کی قیمت ساڑھے 5 سو روپے کمی سے 12 ہزار 470 روپے کی بجائے 11 ہزار 920 روپے میں دستیاب ہوگا۔ نوکیا 5 کی قیمت 19 ہزار 500 روپے سے کم کرکے 17 ہزار 650 روپے کر دی گئی ہے۔
نوکیا سکس کی قیمت 4 ہزار 960 روپے کم ہونے کے بعد 24 ہزار 950 روپے کی بجائے 19 ہزار 990 روپے ہوگئی ہے۔ اسی فون کا اپ ڈیٹ ورژن یعنی نوکیا 6.1 اب 29 ہزار کی بجائے 21 ہزار 735 روپے میں دستیاب ہوگا۔ سب سے زیادہ کمی اس کمپنی کے فلیگ شپ فون نوکیا 8 کی قیمت میں کی گئی ہے جو 13 ہزار 910 روپے کمی کے ساتھ اب 49 ہزار 900 روپے کی بجائے 35 ہزار 990 روپے میں دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب سام سنگ نے ماہ رمضان کو دیکھتے ہوئے اپنی جے سیریز کے فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ جے سیریز کا گلیکسی جے 7 کور اب 23 ہزار 999 روپے کی بجائے 18 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔ اسی طرح گلیکسی جے 5 پرائم کی قیمت 22 ہزار 999 روپے سے کم ہوکر 18 ہزار 999 روپے کردی گئی ہے جبکہ گلیکسی جے 7 پرو ساڑھے 5 ہزار روپے کمی سے 34 ہزار 999 روپے کی بجائے 28 ہزار 999 روپے میں فروخت ہوگا۔