اوسلو (پ۔ر) پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے رکن قومی اسمبلی رانا افضل خان نے پاکستان یونین ناروے کے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے منعقد ہونے والی خصوصی شرکت کی۔
یاد رہے کہ رانا افضل خان ان دنوں یورپ کے دورے پرہیں۔ وہ پاکستان یونین ناروے کے پروگرام میں اپنے قریبی عزیزاورسابق رکن نارویجن پارلیمنٹ شہبازطارق کے ہمراہ شریک ہوئے ۔یہ پروقارتقریب یوم پاکستان پراوسلومیں منعقد ہوئی۔
پاکستان یونین ناروے یہ تقریب ہرسال یوم پاکستان کے موقع پر منعقدکرتی ہے جس کا مقصدپاکستان اور ناروے کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنا، دونوں اقوام کے مابین پل کاکرداراداکرنااور ناروے میں پاکستانی اقداراورثقافت کو اجاگرکرناہوتاہے۔ تقریب میں شرکت کے لیے ہال میں پہنچنے پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال اور ان کے ساتھیوں نے رانا افضل خان کا استقبال کیا۔
رانا افضل نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کے دوران پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال اور انکے ساتھیوں کا شکریہ اداکیا اور کہاہے کہ نارویجن پاکستانیوں سے مل کر دلی مسرت ہوئی ۔ خاص طورپر اس پروگرام میں ان کی شرکت سے بہت سے لوگوں کوملنے کا موقع ملا۔انھوں نے یقین دلایاکہ وہ اووسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہیں گے۔ اور اس سلسلے میں پاکستان یونین ناروے کے ساتھ ان کا رابطہ برقرار رہے گا۔
پاکستان یونین ناروے کی تقریب میں بڑی تعدادمیں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرا د نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ناروے کی اہم سیاسی، سماجی، علمی ، ادبی وثقافتی شخصیات بھی موجودتھیں۔درایں اثناء ایم این اے رانا افضل نے غیررسمی بات کرتے ہوئے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال سے کہاکہ آپ سے رابطہ برقرار رہے گا تاکہ نارویجن پاکستانیوں کے مسائل کوپاکستان اٹھایاجاسکے۔ میں ہرممکن کوشش کروں گاتاکہ ان مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچاسکوں۔انھوں نے کہاکہ وہ نارویجن پاکستانیوں کی والہانہ محبت اورخلوص سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ جس طرح آپ ناروے میں پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اورحکام کے سامنے بھی ان مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں، اس طرح ہم بھی پاکستان سے متعلق نارویجن پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی سعی کریں گے۔ایک بارپھر پاکستان یونین ناروے اوریونین کی ٹیم کا شکرگزارہوں کہ انھوں نے اس تقریب میں میرا بھرپور خیرمقدم کیا۔
چوہدری قمراقبال نے رانا افضل خان کا بھی شکریہ اداکیاجنھوں نے اپنے ناروے میں قیام کو طول دے کر پاکستان یونین ناروے کے پروگرام میں شرکت کی اورنارویجن پاکستانیوں کے مسائل میں خصوصی دلچسپی لی۔ انھوں نے اس سلسلے میں تعاون پر شہبازطارق کا بھی شکریہ اداکیا۔چوہدری قمراقبال نے ایک بارپھرراناافضل خان کو یاددہانی کرائی کہ ناروے میں پاکستانیوں کو درپیش مسائل میں نئی شہریت کے لیے محکمہ امیگریشن پاکستان سے این اوسی کے اجراء میں تاخیر کا معاملہ بہت اہم ہے۔ اس مسئلے کا ترجیح بنیادوں پر حل ضروری ہے۔