نیوزی لینڈ نے چوتھے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کو 19 رنز سے شکست دیدی ہے۔ کیوی بلے بازوں نے پہلے کھیلتے ہوئے انڈین ٹیم کو 261 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
رانچی: جھارکھنڈ سٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل 72 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان کین ویلمسن 41، ٹام لیتھم 39 اور روز ٹیلر 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے امیت مشرا نے 2 جبکہ یادوو، کلکرنی، پانڈیا اور پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم 261 رنز کے بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری، لیکن بلے باز اس کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انڈین ٹیم سے صرف رہانے واحد بلے باز تھے جو اپنی نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ رہانے نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ویرات کوہلی 45 اور پٹیل 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز کیوی گیند بازوں کا کھل کر مقابلہ نہ کر سکا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ دیگر گیند بازوں میں بولٹ اور نیشام نے دو، دو جبکہ سینٹنر اور سودھی نے ایک، وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے یہ میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز 2، 2 سے برابر کر دی ہے۔