اسلام آباد : وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ رینجرز کو احتساب کی دعوت دینا قانون کے دائرے میں نہیں آتا اور عمران خان کے پاس کراچی یا کسی اور جگہ رینجرز کو بلانے کا مینڈیٹ نہیں۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پنجاب میں رینجرز بلانے کے مطالبے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ اظہار رائے کی کھلی آزادی ہے مگر یہ آزادی آئین و قانون کی حدود میں ہونی چاہئے جب کہ سیاسی رہنما کے مطالبے پر حیران ہوں کیونکہ رینجرز کو پنجاب میں بلانا یا احتساب کی دعوت دینا قانون کےدائرے میں نہیں آتا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس کراچی یا کسی اور جگہ رینجرز کو بلانے کا مینڈیٹ نہیں یہ مطالبہ کراچی آپریشن کو بھی اصل مقصد سے ہٹانے کا باعث بن سکتا ہے جب کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے مطالبات اداروں کو متنازعہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی کارکردگی اور قربانیوں کا سب کو اعتراف ہے اور جنرل راحیل شریف اور فوج کی پردادِ تحسین فرض نبھانے کے باعث ہے۔