پانچ دن گزر گئے مگر سندھ حکومت صوبے میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات سے متعلق فیصلہ نہیں کر سکی ۔ معاملہ اب دبئی جا پہنچا ہے ۔ پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔
کراچی: (یس اُردو) وفاقی حکومت کی ہدایت سنی ان سنی ہو گئی۔ شہریوں کے احتجاج پر بھی کان نہیں دھرے ۔ تاجروں کے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر بھی سائیں سرکار ٹس سے مس نہ ہوئی۔ پانچ دن ہو گئے سندھ حکومت رینجرز کو صوبے میں خصوصی اختیارات دینے پر آمادہ نہیں۔ دباؤ بڑھا تو فیصلہ ہوا کہ سندھ کی قسمت کے فیصلے ہوں گے اب دبئی میں ۔ پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت نے تمام بڑوں کو دبئی طلب کر لیا۔ بلاول بھٹو ، فریال تالپور، وزیراعلٰی اور وزیر داخلہ کراچی سے پہنچے اور سابق صدر آصف زرداری نے لندن سے اڑان بھری۔ دبئی روانہ ہونے سے پہلے وزیراعلٰی قائم علی شاہ نے میڈیا کو بتایا پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہی رینجرز کے اختیارات کا فیصلہ ہوگا ۔ اب پیپلز پارٹی کی ٹاپ قیادت دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھی ہے۔ سندھ میں رینجرز کو اختیارات ملیں گے یا نہ نہیں ۔ صوبے میں کوئی بڑی تبدیلی ہو گی یا نہیں سب نظریں دبئی کے اجلاس پر ہیں۔ ماہرین تو یہ کہتے ہیں پیپلزپارٹی کچھ لو اور دو پالیسی کے تحت معاملات طے کرنا چاہتی ہے لیکن لگتا ہے اسے پرانی تنخواہ پر ہی کام کرنا پڑے گا۔