کراچی : سندھ کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ رینجرز کے سندھ میں قیام کو جولائی میں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی جس کی توثیق سندھ اسمبلی میں قرارداد کے ذریعے کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کو قیام امن کے لیے پولیس کی مدد کرنے کے لیے بلایا گیاہے۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں رینجرز کی صوبے میں موجودگی کے فیصلے کی توثیق کرائی جائے گی، رینجرز کو خصوصی اختیارات ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں، اغواکاروں اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے دئیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں ان کاموں سے ہٹ کر کسی بھی چیز کے لیے صوبے کے چیف ایگزیکٹو کی اجازت ضروری ہے، رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر اگر کوئی رکن اسمبلی اجلاس کے دوران بات کرنا چاہتا ہے تو کرسکتا ہے، رینجرز کے خصوصی اختیارات کے معاملے پر قراردار بھی لائی جاسکتی ہے۔