سندھ حکومت نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی منظوری نہ دی تو یہ کام وفاقی حکومت کرے گی، رینجرز کے اختیارات کی توثیق کی قرارداد سندھ اسمبلی کے کل کے اجلاس کے ایجنڈے میں بھی شامل کر لی گئی ہے۔
کراچی: (یس اُردو) چار روز گزر گئے مگر کراچی آپریشن میں مصروف رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ ہو سکی، سندھ حکومت کی خاموشی پر وفاق نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت اختیارات کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے توسیع نہ کی تو یہ کام مرکزی حکومت خود کرے گی۔ وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت وزارت داخلہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر سکتی ہے۔دوسری جانب رینجرز کے قیام اور اختیارات کی توثیق کی قرارداد کو جمعرات کو ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے، تاہم اختیارات کے حوالے سے قرارداد میں کچھ بھی واضح نہیں کیا گیا۔