کراچی میں رینجرز نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مائی کولاچی کے علاقے میں گاڑی سے اسلحہ برآمد کر لیا، دو نجی سکیورٹی گارڈز کے ہتھیار بھی تحویل میں لے لئے گئے۔
کراچی: (یس اُردو) آئی آئی چندریگر روڈ، مائی کولاچی، شارع فیصل، لانڈھی اور گلشن اقبال سمیت شہر کے پچاس سے زائد مقامات پر اسنیپ چیکنگ کے دوران رینجرز نے بسوں کی تلاشی بھی لی۔ مائی کولاچی کے علاقے میں ایک گاڑی سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ لائسنس نہ ہونے پر دو نجی گارڈز کے ہتھیار بھی قبضے میں لے لئے گئے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اور رضویہ میں رینجرز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہونے کے بعد تین روز سے شہر میں رینجرز کی جانب سے بڑی کارروائیاں بند تھیں۔ کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آ سکی۔ کراچی آپریشن کے آغاز سے اب تک رینجرز کی کارروائیوں میں یہ طویل ترین تعطل تھا۔ پانچ ستمبر دو ہزار تیرہ سے پانچ دسمبر دو ہزار پندرہ تک ہزاروں جرائم پیشہ افراد ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور دہشتگردوں کے کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔ بڑی تعداد میں دہشتگرد تنظیموں کے کارندے اور جرائم پیشہ افراد مقابلوں میں بھی اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔