کولمبو: سری لنکا کے بھوکے ہاتھی نے سڑک پر چلنے والی گاڑی کو روکا اور سرعام کھانے کی چیزیں اٹھا کر لے گیا، انوکھے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے جنوبی علاقے کتراگاما میں ایک بھوکا ہاتھی پہلے تو جنگل میں کھانا تلاش کرتا رہا اور جب وہ کامیاب نہیں ہوا تو اُس کو ایک ترکیب سوجھی۔
ہاتھی نے سڑک پر آکر ایسی حرکت کی جسے دیکھ کر سب دنگ رہ گئے کیونکہ ایسے مناظر عام طور پر فلموں میں باقاعدہ ڈیزائن کر کے بنائے جاتے ہیں مگر یہ سب کچھ حقیقی تھا۔
بھاری بھرکم ہاتھی سڑک پر آیا تاکہ آنے جانے والی گاڑیوں کو روک سکے، اسی دوران سامنے سے ایک گاڑی آئی جس نے ہارن بھی بجایا مگر وہ نہیں ہٹا جس کے بعد ڈرائیور نے تھوڑی سی رفتار بھی بڑھائی تاکہ ڈر کے کونے پر ہوجائے۔
A driver gets clobbered by an elephant's trunk as it steals bananas from a bus along a road in Kataragama, Sri Lanka. pic.twitter.com/FfzFIKPGvz
— Global Times (@globaltimesnews) July 11, 2018
ڈرائیور یا وہاں کھڑا کوئی شخص نہیں جانتا تھا کہ ہاتھی کی نیت کیا ہے، جیسے ہی گاڑی قریب آئی ہاتھی بڑے رعب کے ساتھ اس کے قریب گیا اور اندر سونڈ داخل کر کے سامان تلاش کرنے لگا۔
ہاتھی کی اس حرکت پر اندر بیٹھے لوگ خوفزدہ تو ہوئے البتہ ہاتھی نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا بلکہ اُس نے گاڑی میں موجود کیلے تلاش کیے اور انہیں لے کر چلتا بنا۔
سڑک پر آنے والی دوسری گاڑی نے اس سارے منظر کی ویڈیو عکس بند کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہاتھی نے اپنی بھوک مٹانے کے لیے یہ حرکت کی۔