کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، ڈاکٹرز کا پینل آج آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرے گا، دوسری طرف حملے کے بعد پہلی بار کسی پولیس افسر نے رشید گوڈیل سے ملاقات کی، رشید گوڈیل نے اشاروں سے جواب دیا۔
لیاقت نیشنل ہسپتال کراچی میں زیر علاج ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے ۔ ہسپتال کے ترجمان انجم رضوی کے مطابق رشید گوڈیل کو صبح بیڈ پر بٹھایا گیا اور انہیں لیکیوڈ غذا دی گئی۔
سترہ رکنی ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم آج رشید گوڈیل کو آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ دوسری طرف رشید گوڈیل نے ہفتے کی رات بغیر وینٹی لیٹرکے گزاری۔
گزشتہ روز پہلی بار کسی پولیس آفیسر نے رشید گوڈیل سے ملاقات کی ، ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کے مطابق رشید گوڈیل نے اپنی کار میں اہلیہ اور ڈرائیور کی موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔
تاہم رشید گوڈیل اس قابل نہیں کہ مکمل با ت کر سکیں، صرف اشاروں کی مدد سے جواب دے رہے ہیں۔