کراچی : قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کی صبح چھ بجے سے وینٹی لیٹر سے آکسیجن کی فراہمی کم کر دی گئی ، ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال کا کہنا ہے وینٹی لیٹر سے 60 فیصد آکسیجن دی جا رہی ہے ، دایاں پھپھڑا بری طرح متاثر ہوا۔
نیو ٹاؤن کے علاقے میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والے متحدہ کے رہنما رشید گوڈیل لیاقت نیشنل ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق رشید گوڈیل کی آج صبح چھ بجے سے آکسیجن فراہمی کم کر دی گئی ہے تاکہ دیکھا جا سکے کہ وہ خود کتنی آکسیجن لے سکتے ہیں۔
جب تک وہ وینٹی لیٹر پر ہیں حالت تشویشناک ہے تاہم انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹانے کا فیصلہ ڈاکٹروں کا پینل کرے گا ۔انھوں نے بتایا کہ رشید گوڈیل کو اس وقت وینٹی لیٹر سے 60 فیصد آکسیجن دی جا رہی ہے جبکہ 40 فیصد آکسیجن وہ خود لے رہے ہیں جوکہ اچھی بات ہے۔ انھوں نے بتایا کہ رشید گوڈیل کو چہرے پر تین گولیاں لگی ہیں دو گولیاں چہرے کو چھو کر گزر گئیں جبکہ ایک گولی جبڑے سے آر پار ہوگئی۔
انھوں نے بتایا کہ ایک گولی دائیں پھیپھڑے کو نقصان پہنچاتے ہوئے آر پار ہوگئی جس سے کافی نقصان ہوا ہے۔ دایاں پھیپھڑا بری طرح متاثر ہوا ہے جس کو ٹھیک کرنے کے لیے ڈاکٹرز ادویات تجویز کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے جب رشید گوڈیل کو آواز دی تو ان کے جسم نے حرکت کی جس سے پتہ چلا کہ ان کی ذہنی حالت ٹھیک ہے وہ بات سن رہے ہیں۔
ہسپتال ترجمان نے بتایا کہ رشید گوڈیل کی صحت بہتر ہو رہی ہے لیکن آئندہ چوبیس گھنٹے بہت اہم ہیں جب تک وینٹی لیٹر سے نہیں ہٹا دیئے جاتے مکمل صحتابی کے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔