راولپنڈی میں پولیس اور مظاہرین کےدرمیان جھڑپوں کے بعد حالات مکمل طور پر معمول پر آ گئے،انتظامیہ نے کمیٹی چوک اور لال حویلی کے اطراف سے کنٹینر ہٹا دیے، شہر کی تمام سڑکیں کھول دی گئیں۔
دن بھر پولیس،پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں کی آنکھ مچولی کا مرکز رہنے والے راولپنڈی میں صورتحال معمول پر آگئی ہے۔
راولپنڈی میں صورتحال معمول پر آگئی۔شیخ رشید کو لال حویلی پر جلسے کے لیے پہنچنے سے روکنے کے لیے لگائے گئے کنٹینرز رات گئے ہٹا دیے گئے۔کمیٹی چوک کے اطراف بھی کنٹینرز ہٹا کر سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔
اس سے پہلے دن بھر کمیٹی چوک پر مشتعل کارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں ہوتی رہیں۔عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے بھپرے ہوئے کارکنوں نے پولیس پر پتھراو کیا تو پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے۔
دفعہ144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا۔
اسلام آباد میں بھی بنی گالا کے پاکستان چوک پر شام کو تحریک انصاف کے کارکنان اور پولیس اہل کاروں میں جھڑپیں ہوئیں۔