راولپنڈی کے تینوں الائیڈ اسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے سیکورٹی فراہمی تک احتجاج کا اعلان کیا
راولپنڈی :راولپنڈی میں بینظیر بھٹو ہسپتال میں فائرنگ اور چار افراد کے زخمی ہونے کے بعد عملے نے احتجاجاً کام چھوڑ دیا ، تینوں الائیڈ ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے سیکیورٹی یقینی بنانے تک احتجاج کا اعلان کر دیا ۔
بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں گزشتہ روز فائرنگ کے واقعہ کے بعد ایمرجنسی وارڈ کے عملے نے ڈیوٹی کا بائیکاٹ کر دیا ہے ۔ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے شعبہ حادثات بند کر کے احتجاج کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی عدم موجودگی کے باعث مسلح افراد ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی جس سے چار افراد زخمی ہو گئے ۔ کمشنر اور سی پی او کی غفلت اور عدم توجہی سے سرکاری ہسپتال غیر محفوظ ہیں ۔ بینظیر ہسپتال میں ماضی میں بھی 14 مرتبہ فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں مگر ہماری سیکیورٹی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔ راولپنڈی کے تینوں الائیڈ اسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے سیکورٹی فراہمی تک احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔