راولپنڈی (یس ڈیسک) کچھ روز پہلے راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں دھماکا ہوا تھا۔ اس میں جاں بحق ہونےوالے2 بچوں کے باپ محمد حیدر رضوی کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جو 3 باردہشتگردی کانشانہ بنا۔ بار بار دہشتگردی کا نشانہ بننے والے اس خاندان کاتعلق معروف ادیب اورشاعر سید ابو محمد رضویٰ سے ہے، انہیں قائد اتحاد بین المسلمین کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان کےبڑے بیٹے اور نامورمصنف عون محمد رضوی کو 16 سال پہلے ان کے بچوں کے سامنے دہشتگردی کانشانہ بنا کر شہید کیا گیا۔
شمیم حیدر ضوی کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندان پر تیسرا حملہ ہے ،شاید ہم نے اتحاد بین المسلمین کے لیے کام کیا۔ شمیم حیدر ضوی بھی شاعر اور مصنف ہیں، انہوں نےبھی اپنے والد اور بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کیلئے کام جاری رکھا، یہ بھی دہشتگردی کا شکار بنے۔ راولپنڈی میں یہ خاندان اس وقت تیسری بار دہشت گردی کانشانہ بناجب گھرمیں محفل میلاد جاری تھی۔ واقعہ میں سید ابو محمد رضوی کے چھوٹے بیٹے ابن رضوی زخمی ہوئے جبکہ 29 سالہ حیدررضوی سمیت 7 افراد شہید ہو گئے۔ محمد حیدررضوی کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری تو دنیا ہے لٹ گئی۔
حیدر رضوی کی ساس نے کہا کہ ہمیں تو بھائیوں کی فکر پڑ گئی تھی، مگر کیا پتہ تھا ،میرا گھر اجڑ گیا ،میرا نوجوان داما شہید ہو گیا۔ محمد حیدر رضوی کی ماں صدمے سے نڈھال ہے تو اس کی 25 سالہ بیوی اپنے 9 ماہ کے بیٹے کی ننھی انگلیاں مضبوطی سے تھامے خاموشی کی تصویر بن گئی ہے۔ سید ابو محمد رضوی اور ان کے خاندان نے ادب اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے ہمیشہ اپنی خدمات سر انجام دی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دہشتگردی کی کاروائیوں سے گھبرا کر اتحاد بین المسلمین کا فروغ نہیں چھوڑیں گے۔