راولپنڈی: یادگارِ شہداء جی ایچ کیو میں یومِ دفاع کی مرکزی تقریب کا انعقاد، رنگ برنگے روایتی لباسوں میں ملبوس بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلو پیش کئے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی، متعدد اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت۔
جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والی تقریب میں سکیورٹی فورسز کے شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کے ساتھ ساتھ وزیرِ دفاع خرم دستگیر اور وزیرِ خارجہ خواجہ آصف بھی شریک ہوئے۔ وزیرِ داخلہ احسن اقبال، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیرِ مملکت برائے اطلاعت مریم اورنگزیب بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ سینیٹر مشاہد اللہ، عبد القادر بلوچ، سینیٹر مشاہد حسین سید، چینی سفیر سن وی ڈونگ، ایڈمرل ذکاء اللہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی اور جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف سمیت دیگر متعدد اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں شریف ہوئے۔
تقریب کے میزبانوں نے یوم دفاع کی اہمیت اور اسے منانے کے اسباب پر مفصل روشنی ڈالی اور شہداء اور غازیوں اور ان کے اہل خاندان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
شبنم مجید، شہزاد روئے اور عاطف اسلم سمیت متعدد گلوکاروں نے اپنے نغموں کے ذریعے جہاں پاک فوج کے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی مظالم کے سامنے سالہا سال سے سینہ سپر اہل کشمیر کی قربانیوں کا اعتراف کیا وہیں حاضرین محفل اور سامعین کے دلوں کو مغموم اور آنکھوں کو اشکبار بھی کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کی 70 سالہ تاریخ پر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ ضرب عض سے متعلق دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ فاٹا میں پاک فوج کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ شہداء کی قربانیوں سے متعلق دستاویزی فلمز دکھائی گئیں اور ان کے اہلخانہ کے حالات اور تاثرات سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے روایتی پریڈ بھی کی۔