جو وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ یہ بات اسمبلی کے فلور پر بھی کہیں ، ہم روایتی انداز سے ہٹ کر کام کریں گے :رہنما پاک سرزمین پارٹی
ملتان (یس اُردو) پاک سر زمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ ملکی ادارے کمزور نہ ہوتے تو پاناما لیکس پر کمیشن کی ضرورت نہ پڑتی ۔ ملتان میں حضرت شاہ رکن عالمؒ کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون کا کہنا تھا کہ جو وزیر اعظم سے استعفی کا کہہ رہے ہیں وہ یہیں بات اسمبلی کے فلور پر بھی کہیں ، ہماری پارٹی روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرے گی ۔ رینجرز کی تحویل میں آفتاب احمد کی ہلاکت کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، اس کی تحقیقات ہونی چاہیئے ۔ پنجاب میں تیزی سے پاک سرزمین پارٹی کی تنظیم سازی کر رہے ہیں اور اس میں توقعات سے بڑھ کر لوگوں کی چاہت ملی ہے ، تعلق چاہے 20 دن کا ہو یا 20 سال کا جب پتہ چل جائے کہ ساتھ والا ملک دشمن ہے تو اسے چھوڑ دینا چاہئے ۔