کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اورپی ٹی آئی نے بات چیت کیلئے دعوت دی ہیں، خود حکومت بنائیں یاکسی کے ساتھ ملکر مقصدعوام کی خدمت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو بلوچستان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائے اس کے ساتھ حکومت بنانے کیلئے تیار ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل کی ملکیت بلوچستان کے عوام کو ملنی چاہئے، کوشش ہے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں، بلوچستان میں کینسر ہسپتال بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی کو الیکشن میں کامیاب کرانے پر بلوچستان کے عوام کا مشکور ہوں، الیکشن میں ہمارے امیدواروں کی کامیابی کو ہار میں تبدیل کردیا گیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کے نتائج کو 24 سے 72 گھنٹے تک لیٹ کیا گیا،این اے 264 ،271، 272 سمیت کئی حلقوں میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایک کمیشن بنایا جائے جو الیکشن میں ہوئی زیادتیوں کو دیکھے، بلوچستان عوامی پارٹی نے ہمیں حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، خورشید شاہ اور جہانگیر ترین نے بات چیت کی دعوت دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دروازے کسی پر بند نہیں کئے، جو بلوچستان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائے اس کے ساتھ حکومت بنانے کیلئے تیار ہیں۔