چمن (ویب ڈیسک )پشین بائی پاس پر زور دار دھماکہ ہواہے جس کے باعث تین لیوی اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ دو زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا جارہاہے۔تفصیلات کے مطابق پشین بائی پاس کے قریب اسسٹن کمشنر کی گاڑی کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا تاہم اسسٹنٹ کمشنر گاڑی میں
موجود نہیں تھے لیکن دھماکے کے باعث تین لیویز اہلکار شہید ہو گئے ہیں اور دو زخمی ہوئے ہیں جنہیں کوئٹہ منتقل کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیاہے اور موقع سے شواہد بھی اکھٹے کیے جارہے ہیں۔جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں چار دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ دہشتگرد ایک فوجی قافلہ پر حملے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران آپریشنل سطح کا ایک دہشتگرد آفتاب بھی مارا گیا جبکہ ایک نائب صوبیدار سمیت 3فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں نائب صوبیدار نذیر احمد، سپاہی فخر اور سپاہی عامر شامل ہیں۔ جمعرات کو (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن میں 4دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد 12ستمبر کو سکیورٹی فورسز پر حملوں اور دسمبر 2017کو لیفٹیننٹ معین کی شہادت میں بھی ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کرا لیا۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کی تحصیل بویا گاں بادامی کلہ میں گشت کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں پر حملے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ علاقے میں گشت کررہے تھے، زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زخمی ہونے والے 5 اہلکاروں میں نائیک رحمن ظفر، سپاہی سید جبار شاہ، سپاہی خرم، سپاہی علی رضا اور سپاہی محمد علی شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ ہسپتال منتقل کیا۔ بعدازاں علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔