اسلام آباد: ملک میں ایک دفعہ پھر چینی کی قیمتوں میں اضافے کی راہ ہموار ہونے کے خدشات پیدا ہونے لگے ہیں اور حکومتی شوگر ایڈوئزری بورڈ نے مزید 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری صنعت و پیداوار خضر حیات گوندل کی زیر صدارت شوگر ایڈوئزری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں با اثر شوگر ملز مالکان کو مزید 15لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی گئی ہے تاہم اس حوالے سے مرتب کردہ سفارشات بین الوزارتی کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آئیں گی جس کے بعد وزارت تجارت سمری منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرے گی تاہم مزید چینی کی برآمد پر سبسڈی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے، مزید چینی برآمد کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 8 ماہ کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی پہلے ہی 7لاکھ 25ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے چکی ہے جس میں سے اب تک 4لاکھ 6ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی جاسکی ہے اور 3لاکھ 19ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد ہونا باقی ہے، اس کے باوجود مزید چینی برآمد کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوجائے گا۔ دوسری جانب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے کرشنگ سیزن کے بعد ملک میں چینی ضروریات سے 30لاکھ میٹرک ٹن زیادہ ہونے کی توقع ہے جس کے باعث اضافی چینی برآمد کرنے کی ضرورت پیدا ہوگئی ہے۔