counter easy hit

پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح 2.4فیصد لیکن بڑھتی ہوئی انسانی آبادی کو کیسے کنٹرول کیاجاسکتاہے؟ سفارشات سامنے آگئیں

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان آبادی میں اضافے کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے جس کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.4فیصدتک پہنچ چکی ہے ، آبادی میں ہوشربااضافے کی روک تھام کیلئے عدالتی حکم پر بننے والی ٹاسک فورس نے اپنی سفارشات بھی تیار کرلی ہیں جو سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئیں، عدالت نے ان سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے حکم دیاہے کہ کمیٹی کی سفارشات کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پرتشہیر کی جائے ۔ عدالت میں پیش کی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مانع حمل اشیا کے استعمال اور بار آوری سے متعلق درست اعدادوشمار کا نظام مرتب کیا جائے۔ 30 جون 2019ء تک تمام چھوٹے بڑے مراکز صحت پر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات مہیا کی جائیں۔ نجی میڈیکل شعبہ، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز ترجیحی بنیادوں پر مانع حمل خدمات دیں۔ مرد موبلائزر مردوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے مشورے دیں۔یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کے پروگراموں کو بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگراموں سے منسلک کر کے مالی ترغیبات دی جائیں۔ مانع حمل اشیا کے استعمال میں اضافے کے لئے رقوم مختص کی جائیں، خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے لئے قانون سازی کی جائے، کم عمری کی شادیوں کو روکنے کے لئے قانون سازی کی جائے۔سکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں آبادی میں اضافے کی وجہ سے ملک کو درپیش مسائل سے متعلق مضامین شامل کیے جائیں۔یہ بھی کہاگیاہے کہ مقامی طور پر مانع حمل اشیا کی تیاری پر ترغیب دی جائے، علما اور خطبا کا تعاون ازحد ضروری ہے، 2015ء میں علما کے مشترکہ اعلامیہ کا پرچار کیا جائے۔

 

اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں
اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔