اسلام آباد: ایف آئی اے نے چوہدری شوگر ملز کے تحقیقاتی ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کیس میں سابق چیرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کے کمپیوٹر سے حاصل کی گئی تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔
ڈیوٹی جج ارم نیازی کی سربراہی میں اسلام آباد کی عدالت میں ظفر حجازی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ایف آئی اے نے ظفرحجازی کے کمپیوٹر سے حاصل کی گئی تفصیلات عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل کرتے ہوئے ایف آئی آر درج ہوئی ہے، شواہد کے مطابق ظفر حجازی براہ راست ٹیمپرنگ میں ملوث ہے،ظفرحجازی کی درخواست ضمانت منسوخ کی جائے۔ ظفر حجازی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ظفر حجازی چوہدری شوگر مل ریکارڈ ٹمپرنگ میں ملوث نہیں جب کہ ایس ای سی پی کے جو افسران ملوث ہیں ان کو شامل تفتیش ہی نہیں کیا گیا، ظفر حجازی کو دل اور گردے سمیت کئی بیماریاں لاحق ہیں لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے ظفر حجازی کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ 7 اگست تک محفوظ کردیا۔